زرعی یونیورسٹی میں گل ِ داؤدی کی 3روزہ دلکش نمائش
مختلف رنگوں کے پھولوں کا فطرت کے دلدادہ افراد کیلئے قابلِ دید نظارہ پیش جامعہ میں تیار کردہ20 اقسام سمیت 200 سے زائد قسم کے پھولوں کی نمائش
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز کے زیراہتمام گل ِ داؤدی کی3روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ، اساتذہ اور پھولوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف رنگوں میں کھلتے پھول فطرت کے دلدادہ افراد کیلئے قابلِ دید نظارہ پیش کر رہے تھے ۔ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار نے کہا پھول ہمیں امن، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ معاشرے میں بھائی چارے ، برداشت اور باہمی تعاون کی خوشبو کو عام کریں۔ ۔ نمائش کا افتتاح کرتے ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری نے کہا موجودہ دور میں ہر شخص کسی نہ کسی ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہے ۔ ایسے میں پھولوں کی یہ نمائش یکسانیت بھری مصروفیات سے دور پُرسکون لمحہ فراہم کرتی ہے لوگ فطرت سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار نے کہا نیدرلینڈ دنیا کا سب سے بڑا پھول برآمد کرنے والا ملک ہے جسکے بعد کولمبیا، کینیا، بیلجیم اور دیگر ممالک آتے ہیں۔ پاکستان60 ارب ڈالر کی عالمی فلوریکلچر مارکیٹ میں اپنا حصہ حاصل کرکے زرِ مبادلہ کما سکتا ہے ۔ ڈاکٹر افتخار نے بتایا نمائش میں 200 سے زائد اقسام کے پھول نہایت دلکش انداز میں پیش کیے گئے ۔ زرعی یونیورسٹی میں تیار کردہ پھولوں کی 20 اقسام بھی نمائش میں شامل ہیں۔ یہ نمائش ہارٹی کلچر کے طلبہ کیلئے بھی ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ تخلیقی انداز میں پھولوں کی ترتیب کا تجربہ حاصل کرتے ہیں جو اُنکے پیشہ ورانہ مستقبل کیلئے نہایت فائدہ مند ہے ۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیت نجمہ افضل، ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ایس ایس پی ضیا اللہ، ڈاکٹر عدنان یونس، ڈاکٹر آصف، ڈاکٹر اسلم، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر راحیل، ڈاکٹر محسن بشیر، ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈاکٹر اعجاز اشرف بھی موجود تھے ۔