مینارٹیز الائنس کے زیر اہتمام تحفظ حقوق مارچ کیاگیا
سب شہریوں کو برابر حقوق دینا آئینی ذمہ داری،ملنے چاہئیں :اکمل بھٹی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر )مینارٹیز الائنس پاکستان کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے تحفظ حقوق مارچ کیا گیا ، قیادت چیئرمین مینارٹیز الائنس اکمل بھٹی نے کی۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اکمل بھٹی نے کہا تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں،امتیازی سلوک غیر آئینی ہے ، جان و مال، صحت،انصاف تک رسائی،صاف پانی و ماحول، تعلیم کا حصول، نمائندوں کے انتخاب کا حق،فوری اور سستا انصاف، بچوں کی مفت تعلیم، سیاست میں حصہ لینے اور سیاسی جماعت بنانے کا ہر شہری کا حق تسلیم کیا جا چکا ہے ۔ اقوام متحدہ کے عالمی چارٹر اور آئین پاکستان میں دیئے گئے حقوق سے روگردانی عالمی جرم اور غیر آئینی اقدام ہے ۔ سب شہریوں کو برابر حقوق دینا آئینی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کرنا چاہئے ۔ پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی چارٹر پر دستخط کئے ہیں اسلئے اس اعلامیے پر عملدرآمد ہونا چاہئے ۔