پارکوں میں سہولیات کی بحالی، کمشنر کا مدنی پارک کا دورہ
9کنال رقبہ پر مشتمل اس پارک کی چاردیواری مکمل کر لی گئی :ایم ڈی پی ایچ اے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد کے پارکوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے وائے (Y) بلاک مدینہ ٹاؤن میں واقع مدنی پارک کا دورہ کیا اور جاری بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) دلاور خان نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 کنال رقبہ پر مشتمل اس پارک کی چاردیواری مکمل کر لی گئی ہے ، لائٹس فعال کر دی گئی ہیں۔
جھولوں کی مرمت، سب مرسیبل پمپ کی مرمت، پینٹ ورک، بجلی کے میٹر کی تنصیب اور ہارٹیکلچر کا تمام کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد نے شہر بھر کے پارکوں میں سہولیات کو برقرار رکھنے کیلئے پارکس مینجمنٹ کمیٹیز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پارک کیلئے مقامی افراد، کاروباری حضرات اور سرکاری نمائندوں پر مشتمل الگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کا مقصد پارکوں کی بحالی، ایونٹس کے انعقاد، سرسبزی و شادابی کے تسلسل اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہوگا۔