شہری علاقوں سے مویشیوں کے انخلاء کا آپریشن جاری
700کے قریب مویشی منتقل، جانوروں کے باڑوں کو بھی ختم کرادیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)حکومتِ پنجاب کے احکامات پر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی جانب سے شہری علاقوں سے مویشیوں کے انخلاء کیلئے آپریشن بلا ناغہ جاری ہے ۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے بتایا کہ اب تک اس آپریشن کے دوران تقریباً 700مویشیوں کو شہری حدود سے باہر منتقل کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز باؤ والا جھنگ روڈ پر مویشیوں کے انخلاء کا آپریشن کیا گیا، جس میں پیرا فورس، محکمہ لائیوسٹاک، پولیس فورس اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران شہری علاقوں میں قائم جانوروں کے باڑوں کو بھی ختم کرایا گیا۔ڈپٹی چیف آفیسر نے کہا کہ شہری علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی سے ٹریفک اور صفائی کے مسائل جنم لے رہے تھے ، جن کے تدارک کیلئے یہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سہولت اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے یہ آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔