گوجرہ پو لیس کی کارروائی ،دوہرے قتل کے ملزم گرفتار
ایک ماہ قبل توصیف اور علی حسن کا قتل ہوا تھا ، رفیع اور اس کے بیٹے پکڑے گئے
گوجرہ (نمائندہ دنیا)سٹی پولیس گوجرہ نے ایک ماہ قبل چک نمبر 303 ج ب میں پیش آنے والے دوہرے قتل کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ایک ماہ قبل چک نمبر 303 ج ب کے رہائشی توصیف اور علی حسن موٹرسائیکل پر سوار ہو کر تاریخ پیشی کے لیے جا رہے تھے کہ ان کے مخالفین، گاؤں مذکور کے رفیع اور دیگر افراد نے جھنگ روڈ گوجرہ پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے میں توصیف اور علی حسن شدید زخمی ہو گئے اور بعد ازاں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت واقع ہوئی۔ اس واقعے میں ایک راہگیر گلزار احمد بھی زخمی ہوا۔
ملزم فرار ہو گئے تھے ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیموں نے ملزمان کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ انتقام کی پرانی رنجش کا نتیجہ تھا، کیونکہ کچھ ماہ قبل توصیف کے بھتیجے عبد الرحمن نے رفیع کے جوان سالہ بیٹے سعد کو قتل کر دیا تھا، جس کے بدلے میں رفیع اور اس کے بیٹوں نے توصیف اور علی حسن کو قتل کیا۔