سدھار، دھاندرہ میں جعلی ڈاکٹر، محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوال
بڑے بڑے کلینک قائم ، شہریوں کو خطرناک علاج فراہم کیا جا رہا ہے
پینسرہ (نمائندہ دنیا)سدھار، دھاندرہ اور جھنگ روڈ کے گردونواح میں درجنوں جعلی اتائی ڈاکٹر اور ڈینٹل سرجن علاج کے بہانے شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، جبکہ محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن کی مبینہ غفلت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق جعلی ڈاکٹروں نے سدھار، دھاندرہ، ائیرپورٹ چوک، دھپ سڑی، قبرستان روڈ، امام بارگاہ چوک اور داتا نگری میں بڑے بڑے کلینک قائم کر رکھے ہیں۔
جہاں ڈی این سی اور سرجری کے نام پر شہریوں کو خطرناک علاج فراہم کیا جا رہا ہے ۔ علاقہ میں جعلی ڈینٹل سرجن اور ڈینٹل ٹکنیشن کے نام سے بھی جگہ جگہ سائن بورڈ آویزاں ہیں، جن سے شہریوں میں بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں اور متعدد افراد منہ کے کینسر کا شکار ہو چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے اہلکار روک تھام کی بجائے مال پانی بنانے میں مصروف ہیں، جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔