یمن میں قیامِ امن،سعودی کوششیں قابلِ تحسین : عبدالرشید

یمن میں قیامِ امن،سعودی کوششیں قابلِ تحسین : عبدالرشید

شاہ سلمان ، ولی عہد محمد بن سلمان کو تاریخی اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور مہتمم جامعہ تعلیم الاسلام ماموں کانجن حافظ مقصود احمد نے کہا ہے کہ یمن کی آئینی حکومت کے مطالبے پر قیامِ امن اور ملک کی وحدت برقرار رکھنے کیلئے سعودی عرب کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، جن کی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان بھرپور تائید اور حمایت کرتی ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کو اس تاریخی اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ امتِ مسلمہ اس معاملے میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ناگزیر ہے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کو امید ہے کہ یمن کے تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں گے جو حالات کو مزید بگاڑنے کا سبب بنیں۔علامہ عبدالرشید حجازی اور حافظ مقصود احمد نے مزید کہا کہ تمام تر اختلافات کے باوجود یمن کی تعمیر و ترقی اور پائیدار امن کے قیام کیلئے ایک جامع، مذاکراتی اور سیاسی حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے ۔ اس ضمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا کردار نہایت اہم ہے ، اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ سعودی عرب عالمِ اسلام کیلئے عقیدتوں کا مرکز ہے ، اسے چاہیے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے ان کے جان و مال کے تحفظ، دفاع اور امن و امان کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے ، جس میں امتِ مسلمہ اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں