چناب نگر میں مچھلی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں
ریٹ لسٹ میں مچھلی شامل نہ ہو نے کی وجہ سے قیمتوں پر قابو نہ پایا جا سکا
چناب نگر (نامہ نگار) مچھلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے ، خریدار پریشان ہیں۔ سرکاری سطح پر مچھلی کے نرخ مقرر نہ ہونے اور مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ میں چکن، مٹن اور بیف کی طرح شامل نہ کرنے کی وجہ سے قیمتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹر یٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کے باعث مؤثر کارروائی بھی ممکن نہیں ہو سکی۔منڈی میں انواع و اقسام کی مچھلیاں دستیاب ہیں، مگر خریدار موجودہ قیمتیں سن کر خریداری کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ اس وقت منڈی میں رہو مچھلی ایک سے ڈیڑھ کلو وزن کی 500 روپے فی کلو، گلفام 600، تھیلہ 650، گرس 750، ملہی 850، سواحل 2100، شنگھاری 1600 اور تلاپیہ 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
جبکہ درآمدی مچھلی پنگش 1650 روپے فی کلو اور سمندری مچھلیوں میں پاپلیٹ 3000، مشکا 2200، ڈانگری 1400 اور جھینگا 2200 روپے میں فروخت کی جا رہی ہیں۔گزشتہ سال کی قیمتوں کے مقابلے میں اضافہ نمایاں ہے ۔منڈی میں درجنوں اقسام کی مچھلیوں میں سب سے سستی 350 روپے اور سب سے مہنگی 3 ہزار روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ رواں برس سردی کی شدت گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہنے کی وجہ سے مچھلی کی مانگ بھی متاثر ہوئی ہے ۔