ویگنوں کے غیر قانونی گیس سلنڈر، شہریوں کی جانیں خطرے میں
چناب نگر (نامہ نگار )مسافرویگنوں اور بسوں میں غیر معیاری گیس سلنڈرز کی غیر قانونی فلنگ کا دھندا عروج پر ہے ، جس کی وجہ سے یہ گاڑیاں چلتے پھرتے بم بن گئی ہیں۔ مختلف شہروں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے کئی واقعات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اگرچہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر کے استعمال پر حکومت نے پابندی عائد کی ہوئی ہے ، مگر پابندی کے باوجود مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈرز کا سرعام استعمال جاری ہے ۔ گاڑیوں میں غیر قانونی فلنگ کرنے والوں کے خلاف اکثر صرف کاغذی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ کئی مقامات پر سلنڈر پھٹنے سے طلباء اور دیگر مسافر بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے غیر قانونی طور پر سلنڈرز کو سیٹوں کے عین نیچے نصب کر رکھا ہے ، جو حادثات کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے ۔مسافروں اور شہریوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈرز کا استعمال مکمل طور پر بند کیا جائے اور غیر قانونی گیس فلنگ کی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے تاکہ شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔