2025 ء :ریسکیو1122کی 1لاکھ70ہزار متاثرین کو بروقت امداد

2025 ء :ریسکیو1122کی 1لاکھ70ہزار متاثرین کو بروقت امداد

کنٹرول روم کو 1لاکھ64ہزار ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں:اجلاس کو بریفنگ

 فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریسکیو1122 فیصل آباد کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس سینٹرل ریسکیو سٹیشن پر منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز) غلام شبیر، ریسکیو سیفٹی آفیسرز اور کنٹرول روم انچارچ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔کنٹرول روم انچارج نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 ء میں کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 1لاکھ64ہزار248 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جن پر فوری رسپانس دیا گیا۔ ان میں 33 ہزار 7روڈ ایکسیڈنٹس، 1لاکھ11ہزار617 میڈیکل ایمرجنسیز، 2ہزار116آگ لگنے کے واقعات، 3ہزار536کرائم، 107ڈوبنے کے واقعات، 191عمارت گرنے کے حادثات اور 12 ہزار564 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔ سیلاب کے دوران پانی میں پھنسے 964افراد اور 635 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

مجموعی طور پر 1لاکھ70ہزار192 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے 93ہزار760 کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 69ہزار156 افراد کو طبی امداد کے بعد ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے شہریوں کو سردی کے موسم میں آگ اور زہریلی گیس سے بچاؤ کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہیٹر یا انگیٹھی کے قریب بستر، کپڑے یا دیگر جلنے والے مواد کی موجودگی سے آگ بھڑکنے کا شدید خطرہ ہوتا ہے ، اس لیے سونے سے قبل انہیں لازمی بند کرنا چاہیے ۔ علاوہ ازیں، ہیٹر یا انگیٹھی کے استعمال سے کاربن مونو آکسائیڈ جیسی بے رنگ اور بے بو زہریلی گیس خارج ہوسکتی ہے ، جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے ۔ شہریوں کو چاہیے ہیٹر یا انگیٹھی استعمال کرتے وقت کمرے کی کھڑکی کھلی رکھیں اور سونے سے پہلے انہیں مکمل بند کر دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں