واسا کا صنعتی یونٹس کیخلاف کریک ڈاؤن ، ڈرینج لائنز میں پانی ڈالنے والوں کو نوٹس کا فیصلہ

 واسا کا صنعتی یونٹس کیخلاف کریک ڈاؤن ، ڈرینج لائنز میں پانی ڈالنے والوں کو نوٹس کا فیصلہ

منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا کی ہدایت پر کمال پور انٹرچینج سے سمانہ پل تک صنعتی یونٹس کا جامع سروے آئندہ ہفتے کیا جائے گا،واسا کی آپریشنز، ڈرینج اور ریونیو ٹیمیں حصہ لیں گی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)واسا فیصل آباد کا صنعتی یونٹس کیخلاف کریک ڈاؤن، ڈرینج لائنز میں پانی ڈالنے والوں کو نوٹس جاری کئے جائیں گے ۔ اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر کمال پور انٹرچینج سے سمانہ پل تک قائم صنعتی یونٹس کا جامع سروے آئندہ ہفتے کیا جائے گا جس میں واسا کی آپریشنز، ڈرینج اور ریونیو ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سروے کے دوران واسا کی ڈرینج لائنز میں پانی ڈالنے والے صنعتی یونٹس کی نشاندہی کی جائے گی، ایسے یونٹس کو بلز جاری کئے جائیں گے جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے۔

اس سلسلے میں واسا فیصل آباد اور صنعتی یونٹس کے نمائندوں کے مابین ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ضیا، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ عثمان لطیف اور ڈائریکٹر آپریشنز ویسٹ مخدوم بابر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرگودھا روڈ پر صنعتی یونٹس کے کیمیکل زدہ پانی کے اوور فلو کی روک تھام اور صنعتی یونٹس کی رجسٹریشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واسا افسران نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے سرگودھا روڈ پر صنعتی یونٹس کے کیمیکل زدہ پانی کے اوور فلو پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، جس کے تدارک کے لیے واسا فیصل آباد خصوصی اقدامات کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمال پور انٹرچینج سے سمانہ پل تک ہونے والے سروے میں اس امر کی نشاندہی کی جائے گی کہ کون سا صنعتی یونٹ کتنا پانی ڈسچارج کر رہا ہے اور اس کا اخراج کس ڈرینج لائن میں ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں