چک جھمرہ:ٹی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی میں سہولیات کا فقدان
چک جھمرہ (نامہ نگار )چک جھمرہ ٹی ایچ کیو ہسپتال جھمرہ کے ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کے فقدان اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔ دور دراز سے آنے والے مجبور اور غریب افراد کو ہسپتال میں ڈاکٹروں کے ناروا روئیے کا سامنا ہے۔۔۔
جبکہ کئی مریض مکمل علاج کے بغیر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر فیصل آباد ریفر کر دئیے جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد مریض راستے میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں، اور تمام ادویات باہر سے منگوائی جاتی ہیں۔ مریض ذلیل و خوار ہو رہے ہیں اور ہسپتال میں عملے اور ڈاکٹروں کا رویہ انتہائی غیر مناسب ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ کو فعال بنایا جائے۔۔ ، آنے والے مریضوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور بدتمیز اور غریب لوگوں سے ناروا رویہ اختیار کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ سمیت تمام ذمہ داران سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔