اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس: امریکا اور برطانیہ کا ایران کو سخت پیغام

نیویارک: (دنیا نیوز) ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری قتل و غارت کو روکنے کیلئے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ امریکا ایران کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ایران میں تشدد اور جبر سے عالمی امن پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایران نے حزب اللہ اور حماس جیسی تنظیموں کی فنڈنگ کی، ایران نے مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی، صدر ٹرمپ عمل پر یقین رکھتے ہیں۔

امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران میں سر نہ ڈھانپنے پر خاتون کو قتل کر دیا گیا تھا، ہم ایرانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، ایرانی حکومت کمزور ہو گئی ہے، ایران بات چیت کا کہتا ہے مگر عمل کچھ اور کرتا ہے، ایران کا طرز عمل مذاکرات کے برعکس ہے، صدر ٹرمپ نے ایران کیخلاف تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔

ایران میں بیرونی مداخلت عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، روسی مندوب
روسی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کیخلاف امریکا کے طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں، روس ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کی ہر کوشش کی مذمت کرتا ہے، ایران میں بیرونی مداخلت عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔

روسی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے تمام فریق بات چیت سے حل نکالیں، اقتصادی پابندیاں اور دھمکیوں کی پالیسی غیر منصفانہ اور نقصان دہ ہے، عالمی قوانین اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے، تشدد اور فوجی دباؤ کی بجائے سفارت کاری اور مکالمہ ہی حل ہے۔

خطے میں طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے، یونانی مندوب
یونانی مندوب نے کہا کہ خطے میں کشیدگی انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہے، تمام فریق صبر و تحمل سے کام لیں اور بات چیت کو ترجیح دیں، انسانی حقوق کے تحفظ کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، سفارتی حل اور بین الاقوامی تعاون ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے، عالمی برادری کو یکجا ہو کر کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے، پاکستانی مندوب
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مستحکم اور پر امن ایران پاکستان کے مفاد میں ہے، ہم ایران اور خطے کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے، ایران اور خطے کی صور تحال پر تشویش ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں ایران میں حالات معمول پر آجائیں گے، مسائل کے حل کیلئے پاکستان سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے، کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، عالمی قوانین کا خیال رکھتے ہوئے فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

غیر ضروری فوجی دباؤ اور دھمکیوں سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں، ڈینش مندوب
ڈنمارک کے مندوب نے کہا کہ ایران میں جاری کشیدگی خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، تمام فریق صبر و تحمل سے کام لیں، انسانی حقوق اور شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ڈنمارک مندوب کا کہنا تھا کہ اختلافات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے، غیر ضروری فوجی دباؤ اور دھمکیوں سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں، عالمی برادری خطے میں استحکام کیلئے متحد کردار ادا کرے۔

ایران اپنے عوام اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، ایرانی مندوب غلام حسین درزی
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام حسین درزی نے کہا کہ ایران کے داخلی معاملات میں کسی کی مداخلت ناقابل قبول ہے، بیرونی دباؤ اور دھمکیاں خطے میں عدم استحکام پیدا کرتی ہیں۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران کا عالمی قوانین اور خودمختاری کے احترام پر مؤقف واضح ہے، نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیلی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہیں، کئی برسوں سے ایران پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

غلام حسین درزی کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی سکیورٹی گارڈز نے جانیں دے کر شہریوں کی حفاظت کی، حقائق کو مسخ کرنے کیلئے جھوٹ کا سہارا لیا جا رہا ہے، امریکی حکومت انسانی حقوق کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہے۔

طاقت کے استعمال یا دھمکیوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، چینی مندوب
چینی مندوب نے کہا کہ ایران اور دیگر فریقین کو غیر ضروری اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، تمام مسائل کو بین الاقوامی قانون اور اصولوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، چین خطے میں مسائل کے پرامن حل کیلئے ہر ممکن سفارتی مدد فراہم کرے گا، فریقین کشیدگی کم کرنے اور اعتماد کی بحالی کیلئے بات چیت کریں۔

چینی مندوب نے مزید کہا کہ انسانی جانوں اور بنیادی حقوق کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے، عالمی برادری کو مل کر بحران کے سیاسی اور سفارتی حل کی کوششیں تیز کرنی چاہئیں، چین فریقین سے صبر و تحمل کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتا ہے۔

ایران فوری طور پر اپنی پالیسی بدلے ورنہ مزید پابندیاں عائد ہوں گی، برطانوی مندوب
برطانوی مندوب نے بھی قدرے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ہزاروں افراد ہلاک اور متعدد گرفتار ہونے کی رپورٹس تشویشناک ہیں، حکومت نے انٹرنیٹ بند کیا، لیکن ویڈیوز خوفناک حقیقت ظاہر کر رہی ہیں، مظاہروں کو غیر ملکی حمایت یافتہ کہنا جھوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام، خواتین بہادری سے اور وقار کے ساتھ آزادی کے حق میں آواز بلند کر رہی ہیں، ایران عوام کے بنیادی حقوق اور احتجاج کے حق کا احترام کرے، ایرانی حکام کو عوام کا تحفظ کرنا چاہیے نہ کہ ظلم و جبر ڈھانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں