پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل
ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب کا اجلاس ، صوبہ بھر کے واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز کی شرکت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید کی جانب سے پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا سمیت صوبہ بھر کے واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور دیگر افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ بعض واساز کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے فیصل آباد میں پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جسے شرکا نے سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ 12 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے ، تمام ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکنیکل بڈز بھی جمع کرا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں ان ترقیاتی سکیموں پر باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے فیصل آباد کے شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے میگا ڈویلپمنٹ پیکیج کی منظوری ایک تاریخی اقدام ہے ۔