بارڈر بندش کا بہانہ، پرندوں کی خوراک مزید مہنگی

 بارڈر بندش کا بہانہ، پرندوں کی خوراک مزید مہنگی

دانے کی ہول سیل قیمت 180روپے فی کلو سے بڑھا کر 300روپے فی کلو کر دی گئی ،بڑے آڑھتیوں نے گرانفروشی کے سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ، لو گوں کو مشکلات

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )مصنوعی مہنگائی اور غیر معمولی گرانفروشی کے باعث پرندوں کے شوقین افراد کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ بجری، لو برڈز، آسٹریلین اور فنچز سمیت دیگر پرندوں کی خوراک کے طور پر استعمال ہونے والے دانے کی ہول سیل قیمت 180 روپے فی کلو سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق گوداموں میں وافر مقدار میں دانہ موجود ہونے کے باوجود افغان بارڈر کی بندش کو جواز بنا کر قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ جہاں دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، وہیں پرندوں کی خوراک کے لیے استعمال ہونے والا دانہ بھی بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

غلہ منڈی کے چند بڑے آڑھتیوں نے گرانفروشی کے سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور افغان بارڈر کی بندش کو بنیاد بنا کر قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا ہے ۔لو برڈز کے لیے استعمال ہونے والا دانہ، جسے مارکیٹ میں لال چینا کہا جاتا ہے ، اس کی ہول سیل قیمت 170 روپے فی کلو سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے ، جبکہ سفید چینا دانہ 200 روپے سے بڑھ کر 350 روپے فی کلو ہو گیا ہے ۔ اسی طرح سفید کنگنی کی قیمت 170 روپے فی کلو سے 100 فیصد اضافے کے بعد 240 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے ۔پرندوں کے دانے میں استعمال ہونے والے سورج مکھی کے بیجوں کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 260 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔

کبوتر دانہ مکس کا 50 کلو کا تھیلا، جو پہلے 5 ہزار 500 روپے میں دستیاب تھا، اب 500 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار روپے کا ہو چکا ہے ، جبکہ مرغی دانے کا 50 کلو کا تھیلا 4 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر 5 ہزار روپے ہو گیا ہے ۔آڑھتیوں کا مؤقف ہے کہ دانہ روس سے افغانستان کے راستے پاکستان آتا ہے اور بارڈر بند ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ غلہ منڈی کے گوداموں میں دانہ وافر مقدار میں موجود ہے جسے ناجائز منافع خوری کے لیے بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔پرندوں کے شوقین افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر اشیائے ضروریہ کی طرح پرندوں کے دانے کو بھی پرائس اینڈ کموڈیٹیز میں شامل کیا جائے اور اس کی بلیک میں فروخت و گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں