ڈی جی ایف ڈی اے کا بقایا جات کی وصولی تیز کرنے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری نے ریونیو ریکوری کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
دیرینہ نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عدم ادائیگی کی صورت میں ان کی جائیدادیں سربمہر کی جائیں۔انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو بقایاجات کی وصولی مہم کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریونیو اہداف کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے جبکہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف مدات میں بقایا جات کی وصولی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پرانے نادہندگان سے رقوم کی وصولی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا کہ ریکوری مہم میں ناقص کارکردگی دکھانے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ان کی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں منفی اندراج کیا جائے گا۔