راجباہ پلی کی خستہ حالت، شہریوں کا احتجاج ، انتظامیہ خاموش
درخواستیں دیں ، احتجاج کیا کو ئی نو ٹس نہ لیا گیا ، حکام سے ایکشن کی درخواست
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )تحصیل اٹھارہ ہزاری کے سب سے گنجان آباد علاقے میں لنک روڈ اوچ گل امام سے رنگ پور کینال سے منسلک راجباہ پر موجود پلی انتہائی خستہ حالت میں ہے ، جو روزانہ حادثات کا سبب بن رہا ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ کو بار بار درخواستیں دی ہیں اور میڈیا کے ذریعے احتجاج بھی کیا، مگر انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ پلی میں شگاف کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں، جبکہ یہ راجباہ تیس ہزار سے زائد آبادی کے لیے آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جھنگ اور اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری سے مطالبہ کیا ہے کہ پلی کی فوری مرمت اور مکمل تعمیراتی کام شروع کیا جائے ۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت پلی گر سکتی ہے ، جس کے باعث دیہات زیرآب آ سکتے ہیں اور انسانی جانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔