پاکستان کا آپریشن غضب للحق: 72 طالبان ہلاک، 36 افغانی ٹینک، 16 پوسٹیں تباہ، 7 پر قبضہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج نے مؤثرجواب دیتے ہوئے 72 طالبان ہلاک، 120 سے زائد زخمی کر دیئے۔
پاک فوج نے افغان طالبان کی 16 پوسٹیں مکمل تباہ کردیں ، 7 پر پاک فوج نے قبضہ کر لیا، موثرجوابی کارروائی میں 36 سے زائد ٹینک تباہ کر دیئے گئے، افغان طالبان کی آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کردی گئیں، افغان طالبان کئی چوکیاں اور ٹھکانے چھوڑ کر بھاگ نکلے۔
پاک فضائیہ کے افغان طالبان پر تابڑ توڑ حملے
پاک فضائیہ نے بھی افغان طالبان پر تابڑ توڑ حملے کئے، افغانی بٹالین، سیکٹر ہیڈ کوارٹرز مکمل تباہ کر دیا، ایمونیشن ڈپو ملیا میٹ ہوگیا، سکیورٹی فورسز نے کئی افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے کواڈ کاپٹرز کے حملے کی ناکام کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیئے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ چن چن کر افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت پر افغان طالبان کے سول آبادی پر حملے شروع کر دیئے، باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر افغان طالبان نے بلا اشتعال فائرنگ کی، افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بلااشتعال کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا۔
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) February 26, 2026
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان بارڈر کے متعدد مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کی، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر ، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چکوال پر بھرپور جواب دیا۔