افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے، طارق فضل چودھری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، مسلح افواج کے جوان منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان دہشت گردی کو ہر فورم پر اٹھایا، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر طالبان رجیم نے کبھی کارروائی نہیں کی، افغانستان نے 10 ارب مانگا لیکن کوئی گارنٹی دینے کیلئے تیار نہیں تھے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ بھارت افغانستان کو استعمال کر رہا ہے، افغانستان ہوش کے ناخن لے، افغانستان دہشت گردوں کو کنٹرول کرے، ہم نے بھارت کو 10 مئی کو عبرتناک شکست دی، بھارت کو دھول چٹائی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریفیں ہو رہی ہے، بھارت کو یہ باتیں ہضم نہیں ہو رہی تھیں، بھارت اب افغانستان کے ذریعے بزدلانہ کارروائیوں کو سپانسر کر رہا ہے، ہم بھارت کو مزید ایکسپوز کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں