پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ
کراچی: (ویب ڈیسک) ایشیائی سر زمین پر کھیلے جا رہے ورلڈ کپ سے پہلی بار سیمی فائنل مرحلے سے قبل ہی تمام ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہے، ایشیائی سر زمین پر کھیلے جا رہے اس میچ میں جنوبی ایشیا کے ممالک کے 6 ٹیمیں شامل تھیں۔
ان میں میزبان بھارت، سری لنکا کے علاوہ پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں تھیں، بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل ہی آئی سی سی نے متنازع انداز میں میگا ایونٹ سے نکال دیا تھا۔
نیپال جیسی کمزور ٹیم حسب توقع پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگئی جب ہ بڑی ٹیموں کو کئی بار شکست دینے والی افغانستان بھی پہلے مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی۔
گزشتہ روز سری لنکا کو نیوزی لینڈ نے شکست دی اور شریک میزبان ٹیم بھی سپر ایٹ میں دو میچز ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
اب سابق عالمی چیمپئن پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت باقی ہیں اور دونوں کے ہی سیمی فائنل میں پہنچنے کے راستے میں مشکلات کے پہاڑ کھڑے ہیں۔
انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت نے پاکستان کی مشکلات بڑھا دی ہیں، اگر انگلش ٹیم کل نیوزی لینڈ کو شکست دیتی ہے تو پھر پاکستان سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم کا کھیل ختم ہو جائے گا۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن بھارت کو سپر ایٹ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے بدترین اور بڑی شکست کے بعد منفی رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل میں پہنچنے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔
اگر اس نے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوانا ہے تو اپنے اگلے دونوں میچز بڑے مارجن سے جیت کر رن ریٹ کو بہتر کرنا ہوگا، تاہم زمبابوے کی پہلے مرحلے میں کارکردگی اور ویسٹ انڈیز کی پورے ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس اس کیلئے بڑے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
بھارت آج زمبابوے سے اور اتوار کو ویسٹ انڈیز سے اپنا میچ کھیلے گا، اگر بھارت ان میں سے ایک بھی میچ ہارا یا رن ریٹ کم رہا تو ٹی 20 ورلڈ کپ کی 19 سالہ تاریخ میں ہونے والے تمام ایڈیشنز میں پہلا ایسا موقع ہوگا کہ کوئی ایشیائی ٹیم سیمی فائنل نہیں کھیلے گی۔