کیلیفورنیا کی انوکھی آبشار، جہاں فروری میں 'لاوا' بہتا نظر آتا ہے

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) کیلیفورنیا کے یوسمائیٹ نیشنل پارک کی مشہور آبشار ہر سال فروری میں ایسا دلکش منظر پیش کرتی ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتی ہے۔

یہ آبشار تقریباً 650 میٹر بلندی سے نیچے گرتی ہے، مگر فروری کے وسط سے اختتام تک سورج غروب ہونے کے وقت ایک حیرت انگیز قدرتی مظہر دیکھنے میں آتا ہے، جب شام کے وقت سورج کی نارنجی اور سرخی مائل روشنی پانی پر پڑتی ہے تو پانی کا رنگ سرخ اور نارنجی دکھائی دینے لگتا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پانی نہیں بلکہ آگ یا لاوا بہہ رہا ہو۔

امریکی نیشنل پارک سروس کے مطابق یہ منظر صرف مخصوص موسمی اور ماحولیاتی حالات میں نظر آتا ہے، آسمان کا صاف ہونا اور آبشار میں پانی کا بہاؤ ضروری ہوتا ہے، اگر بادل یا دھند موجود ہو تو یہ دلکش نظارہ غائب ہو جاتا ہے۔

عام طور پر اس آبشار میں پانی سردیوں کے موسم میں بہتا ہے اور سورج غروب ہونے کے چند لمحوں کے لیے پیدا ہونے والا یہ بصری دھوکا قدرت کے حسین ترین مناظر میں شمار کیا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں