افغان طالبان کے 36 کارندے جہنم واصل، پاک فوج کے 2 جوان شہید، 3 زخمی ہوئے: عطا تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان افغانستان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی کارروائیوں کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر بیان میں کہا کہ افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پراپیگینڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہی، خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پراپیگینڈے کا سہارا لے رہی ہے، افغان طالبان رجیم کو ہرگز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، الحمدللہ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں.

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے چھتیس کارندے جہنم واصل ہو چکے اور متعدد زخمی ہیں، وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے جبکہ تین جوان زخمی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے بالخصوص پاکستان میں معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی فتنہ الخوارج کے دفاع میں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ نے افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کی پشت پناہی کو پوری دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر سے بے نقاب کر دیا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں