اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنا رہے :کمشنر
راجہ جہانگیر انور نے سمندری روڈ پر ریڑھی بازار میں قیمتوں کا جائزہ لیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ماہِ صیام کے دوران صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سمندری روڈ پر قائم ریڑھی بازار میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔انہوں نے ریڑھی فروشوں کے پاس سرکاری نرخناموں کی موجودگی چیک کی اور موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کرکے قیمتوں میں فرق کے حوالے سے دریافت کیا۔کمشنر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی کو بھی مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پرائس کنٹرول اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ۔