متعددوارداتوں میں لاکھوں کا قیمتی سامان چوری کر لیا گیا
عمر فاروق ،غلام رسول کاسامان غائب ،دومقامات سے چور میٹر لے گئے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)متعددوارداتوں میں لاکھوں کاقیمتی سامان چوری کر لیا گیا۔ تھانہ جھنگ بازار کے علاقے میں عمر فاروق کی بھاری مالیت کی تاریں اور دیگر سامان ،تھانہ سول لائن کے علاقے لاری اڈے کے قریب غلام رسول کی بھاری مالیت کی بیٹریاں، تاریں اور دیگر قیمتی سامان چورلے گئے ۔تھانہ کوتوالی کے علاقے میں قائم مارکیٹ میں تنزیل نامی شہری خریداری میں مصروف تھا کہ ملزم رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکی جیب میں سے نقدی اور موبائل لے گئے ۔ تھانہ سول لائن کے علاقے محلہ طارق آباد کے قریب امیر علی سڑک کنارے موبائل فون پر کال سنتے ہوئے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزموں نے جھپٹا مار کر موبائل چھین لیا۔
تھانہ سول لائن کے علاقے میں ہی قائم سول ہسپتال شہری کاموٹر سائیکل ، تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں مبشر کے گھر کے باہر سے بجلی کا میٹر اور تاریں جبکہتھانہ منصور آباد کے علاقے عبداللہ پور کے قریب سلیم کی پراپرٹی کے باہر سے رات کی تاریکی میں ملزم سوئی گیس کا میٹر اور پائپ سمیت دیگر سامان ،تھانہ منصور آباد کے علاقے روزہ پارک میں کرن ناز نامی خاتون اہلخانہ کے ہمراہ گھر کے اوپر والے پورشن میں سو رہی تھی کہ رات کی تاریکی میں ملزم گھر میں داخل ہوگئے اور الماریوں کے تالے توڑ کر زیورات، نقدی، موبائلز، کپڑے اور دیگر قیمتی سامان لے گئے ۔ تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے ڈی گراؤنڈ میں یاسر نامی شہری اپنی دکان پر موجود تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزم خریداری کے بہانے دکان میں داخل ہوا اور اسے باتوں میں الجھا کر نقدی اور موبائل لے گیا۔