حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لے :محبوب الزماں

حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لے :محبوب الزماں

جنگی صورتحال پرخطے کے دیگر ممالک نے قیمتوں میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں کیا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،یاسراقبال کھارا،میاں طاہرایوب،میاں انوارالحق ایڈووکیٹ نے پٹرول کی قیمتوں میں تاریخ کی بلندترین سطح تک اضافہ کی شدیدمذمت کرتے کہاہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم پر قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلئے جنگ کا بہانہ ڈھونڈ لیا ہے ۔حکمرانوں نے ایک بار پھر آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے ،خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کو جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاحالانکہ ابھی تک خطے کے دیگر ممالک میں قیمتوں میں ایک فیصد تک بھی اضافہ نہیں ہوا۔

حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو قربانی کا بکرا بنا دیا ہے جوقومی خودمختاری اور عوامی مفادات کا کھلا سودا ہے ۔انہوں نے کہا عید سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ظالمانہ اضافہ مہنگائی کے نئے طوفان کو جنم دے گا۔ اور اس کا براہ راست بوجھ عام آدمی پر پڑے گا۔ ملک پہلے ہی مہنگائی کے بدترین طوفان کی زد میں ہے اور لاکھوں خاندان دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں مگر حکمرانوں کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں