پٹرولیم مصنوعات پر غیر ضروری ٹیکس کم کیے جائیں :میاں اعجاز
مہنگائی کے طوفان سے بچانے کیلئے سنجیدہ اور عوام دوست پالیسی اختیار کی جائے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیورز یونین پنجاب کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور نیشنل لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنما میاں اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کرکے پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے ۔ پٹرول پر پہلے ہی بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ، قیمت بڑھانے کی بجائے حکومت کو ٹیکسوں میں کمی کرنی چاہیے تاکہ غریب عوام کو کچھ ریلیف مل سکے ۔ حکمران طبقہ اور بیوروکریسی کو سرکاری مراعات اور مفت سہولیات میسر ہیں جبکہ عام شہری اور محنت کش طبقہ مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہے ۔ پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے یقینی طور پر اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کے نرخ مزید میں مزید زیادہ ہوجانے سے پہلے ہی پریشان حال عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جائیگا۔ میاں اعجاز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکس فوری کم کیے جائیں اورمہنگائی کے طوفان سے بچانے کیلئے سنجیدہ اور عوام دوست پالیسی اختیار کی جائے ۔