ڈی سی ، اے سی کا بس سٹینڈ ، ٹریٹمنٹ پلانٹ کامعائنہ
مسافروں کی سہولت کیلئے جنرل بس سٹینڈ کمالیہ کو فعال بنانے کی ہدایت
کمالیہ(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی کے ہمراہ کمالیہ کا دورہ کیا اور مختلف انتظامی و ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔ دورانِ وزٹ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کو فعال بنانے کے حوالے سے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بس اسٹینڈ کو جلد فعال کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے چک نمبر 724 گ ب میں زیرِ تعمیر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسروں نے منصوبے پر جاری کام پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ معیار اور بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہر کے سیوریج کے مسائل کے حل اور ماحول کی بہتری میں مدد مل سکے ۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محسن عباس بھی ہمراہ تھے ۔