یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے :اعجاز چودھری
79برسوں میں ہم اپنے ماضی سے سبق حاصل نہیں کر سکے :گفتگو
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ 23 مارچ یومِ پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے ، مگر گزشتہ 79 برسوں میں ہم اپنے ماضی سے سبق حاصل نہیں کر سکے اور ملک و قوم کے ساتھ وہ سچی وفاداری نہیں نبھائی جا رہی جس کی بنیاد پر پاکستان قائم ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں اپنی کوتاہیوں اور نااہلیوں سے سیکھنے کا درس دیتا ہے ۔ آئرن لیڈی، مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت اور عوامی حکمرانی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، جنہیں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید ملن پارٹی کے موقع پر یوم پاکستان کی اہمیت اور بیگم نصرت بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔اعجاز چودھری نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آج تک قوم کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ او آئی سی امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہے ، جس کی بنیاد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، مگر افسوس کہ آج او آئی سی اپنا مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کے تناظر میں مسلم حکمرانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ مزید کہا کہ تمام سیاسی، مذہبی، سماجی اور تجارتی قیادت اور میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے کہ استحکام پاکستان کو ترجیح دی جائے۔