ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور: (دنیا نیوز) 23 مارچ وطن سے تجدید عہد کا دن ہے، ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

اس مرتبہ مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب بھی سادہ اور پروقار رکھی گئی ہے۔

یوم پاکستان پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، سندھ کابینہ کے اراکین بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے۔

گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، بعدازاں دونوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔

مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب

یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔

تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی، تقریب نے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قومی جوش و جذبے کو مزید تقویت دی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک تھے۔

مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں