ایران کے اسرائیل پر حملے جاری، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ: 10 صیہونی ہلاک، 180 زخمی
بغداد: (دنیا نیوز) ایران کے اسرائیل پر حملے مسلسل جاری ہیں جس سے تل ابیب کا غرور چکنا چور ہوگیا ہے، ایرانی حملوں میں اب تک 10 اسرائیلی ہلاک اور 180 زخمی ہو چکے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد میں ایرانی حملوں سے تباہی مچ گئی، درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ہونے کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملوں کی اس تازہ لہر میں اسرائیل کا ایٹمی مرکز بھی ایران کے نشانے پر رہا، ایران نے اسرائیل کے جوہری تنصیب والے شہر ڈیمونا کو نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ڈیمونا میں جوہری مرکز سے تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔
ایران میں ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی فوج
ٹیلیگرام پر جاری ایک پیغام میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں ایک فوجی اڈے سمیت ہتھیاروں کی تیاری و ذخیرہ کرنے والے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کہا کہ رات گئے کیے گئے حملوں میں اُن مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو ایرانی حکومت کے ماتحت سکیورٹی اداروں کی جانب سے ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے حملوں کی رپورٹس موصول
ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے حملوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں جس کے بعد ایرانی میڈیا کے مطابق مشرقی تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
مسلح گروہ اصحاب الکہف کے اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے دفتر پر ڈرون حملہ
عراق میں مسلح گروہ اصحاب الکہف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی عراقی شہر اربیل میں واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے دفتر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
مسلح گروہ اصحاب الکہف نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی آج کی گئی تاہم اس کی مزید تفصیلات یا نقصان کے بارے میں کوئی تصدیق شدہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ شہریوں کو عراق بھر میں امریکی فوجی اڈوں سے دور رہنا چاہیے، جبکہ موساد کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔