صدر اور وزیراعظم کی یوم پاکستان پر پوری قوم کو دلی مبارک باد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔
جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہی کے دن 1940ء میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ طور پر اپنی زندگی گزار سکیں۔
صدر پاکستان نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا، یوم پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اتحاد و یکجہتی سب سے اہم عنصر ہے، 1947ء میں قیام پاکستان کے وقت ہمیں بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے باہمی تعاون، محنت اور صلاحیت کے ذریعے ان مشکلات پر قابو پایا اور ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری دفاعی صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی کے خلاف طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ لڑی اور قدرتی آفات کے دوران ایثار اور باہمی تعاون کی روشن مثالیں قائم کیں، گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق کے دوران ہم نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا اور اسے ایسا سبق سکھایا جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔
صدر پاکستان نے کہا کہ آج بھی ہمیں داخلی محاذ اور بیرونی سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، بُنیانُ المّرصوص کی طرح آپریشن غضب للحق نے بھی نمایاں اور مطلوبہ نتائج حاصل کیے ہیں، افغانستان پر غیر قانونی مسلط ٹولے کو ہمارا واضح پیغام ہے کہ ہم فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان یا کسی بھی دوسرے گروہ کو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کا موقع نہیں دیں گے۔
کسی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا، درخشندہ مستقبل کی جانب سفر آج بھی جاری ہے، چیلنجز کے باوجود ہم نے معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے ازلی دشمن کو مؤثر جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، سرحدوں پر طالبان غاصب ٹولے کی بلا اشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضب للحق کے ذریعے دیا گیا، آپریشن غضب للحق محض عسکری کارروائی نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔