تجارتی آزادی کے احترام تک سمندری راستوں پر آزادانہ آمدورفت ممکن نہیں، عباس عراقچی

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سمندری راستوں پر آزادانہ آمدورفت اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تجارت کی آزادی کا احترام نہ کیا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز بند نہیں ہے تاہم جہاز رانی میں ہچکچاہٹ اس وجہ سے ہے کہ انشورنس کمپنیاں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے خدشات کے باعث خوف کا شکار ہیں، نہ کہ ایران کی وجہ سے۔

انہوں نے کہا کہ نہ کوئی انشورنس کمپنی اور نہ ہی کوئی ایرانی مزید دھمکیوں سے مرعوب ہوگا، اگر تجارتی اصولوں کا احترام نہ کیا گیا تو اس کے نتائج بھی اسی نوعیت کے ہوں گے۔

ایک اور بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے امریکا کیساتھ مذاکرات کے تمام دروازے بند کر دیے ہیں، امریکا نے پہلے بھی ایران کو مذاکرات کے نام پر بدترین دھوکا دیا ہے، علاقائی جنگ نے سفارت کاری کے تمام امکانات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حملہ نہ کرنے کے امریکی وعدے محض دھوکا اور بدترین تجربہ ثابت ہوئے، اب امریکا پر اعتماد کی کوئی گنجائش باقی نہیں بچی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں