پیرمحل:اسسٹنٹ کمشنر کا ہسپتال اور لاری اڈے کا دورہ
مریضوں کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری
پیرمحل (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد زاہد اقبال نے عید کے دن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور لاری اڈا پیرمحل کا دورہ کیا۔ انہوں نے سٹاف کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور لواحقین کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنے کی ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں، محمد زاہد اقبال نے لاری اڈے کا دورہ کرتے ہوئے پیرمحل شہر میں آنے اور جانے والی بسوں اور ویگنوں کے کرایہ نامے چیک کیے اور مسافروں سے کرایہ وصولی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے لاری اڈا انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ مسافروں سے صرف گورنمنٹ سے منظور شدہ کرایہ وصول کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔