ڈپٹی کمشنر ٹوبہ اور ڈی پی او نے عید پر ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا
قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات چیک کئے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے عیدالفطر کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل رانا عرفان سلیمان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو یاسر حسن سکھیرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے جیل کے مختلف شعبہ جات، جن میں جیل ہسپتال، کچن اور قیدیوں کی بیرکس شامل ہیں، کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور کھانے کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر افسروںنے بیمار قیدیوں کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں قیدیوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ حکومت پنجاب قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور عید کے موقع پر بھی ان کے معیار زندگی اور سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔