ٹو بہ :عید پر پارکوں میں شہریوں کیلئے شاندار سہولیات
ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے سٹی پارک اور گنج شکر پارک کا دورہ بھی کیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کے خصوصی اقدامات کے باعث عیدالفطر کے موقع پر شہر کے پارکوں کو شاندار انداز میں بحال کر دیا گیا، جس سے شہریوں کو معیاری اور جدید تفریحی سہولیات میسر آئیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال کے ہمراہ سٹی پارک اور گنج شکر پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کردہ سہولیات، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں میں سہولیات کا معیار ہر صورت برقرار رکھا جائے اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے پارکوں میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری تفریحی ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔ تاکہ عوام کو بہترین تفریحی مواقع میسر رہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو صاف، خوبصورت اور ماڈل ضلع بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں عوامی تعاون بھی نہایت ضروری ہے ۔