چھٹیوں میں سڑکیں منچلوں کے حوالے، ون ویلنگ اور ریسنگ، پولیس تماشائی بنی رہی
امیر گھرانوں کے نوجوان کینال روڈ پر ریس لگاتے رہے ، ٹریفک کا نظام درہم برہم ،متعدد ٹریفک حادثات بھی ہو ئے سٹی ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس روک تھام میں ناکام ، شہریوں کا اظہار تشویش
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)عیدالفطر کے دوران شہر کی سڑکیں منچلوں کے رحم و کرم پر رہیں اور ٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری رہیں، تاہم سٹی ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس روک تھام میں ناکام دکھائی دیں۔موٹر سائیکل سوار نوجوان ون ویلنگ جیسے خطرناک موت کے کھیل میں مصروف رہے جبکہ امیر گھرانوں کے نوجوان کینال روڈ پر گاڑیوں کی تیز رفتار ریس لگاتے نظر آئے ۔ کینال روڈ، ایکسپریس وے سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا بلکہ شہریوں کی جانیں بھی خطرے میں پڑ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی مقامات پر نوجوان گروہوں کی شکل میں سڑکوں کو ریسنگ ٹریک کے طور پر استعمال کرتے رہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے دونوں روز متعدد ٹریفک حادثات بھی پیش آئے جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ، تاہم اس کے باوجود پولیس کی جانب سے خاطر خواہ کارروائی دیکھنے میں نہ آئی۔ شہریوں کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار اہم مقامات پر موجود ہونے کے باوجود عملی اقدامات سے گریزاں رہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دی گئی۔شہریوں نے کہا ہر سال عید کے موقع پر ون ویلنگ اور ریسنگ جیسے خطرناک رجحانات میں اضافہ ہو جاتا ہے ، تدارک کیلئے مؤثر حکمت عملی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا عید اور دیگر تہواروں پر خصوصی ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔