عید پر چکن، گوشت مہنگا : منافع خوروں کی لوٹ مار
سرکاری ریٹ لسٹ نظرانداز ،من مانے نرخ وصول ،چھوٹے اور بڑے گوشت کی سرکاری قیمت کے برعکس فی کلو 200سے 300روپے زائد وصول کیے جاتے رہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر، خصوصی رپورٹر)عیدالفطر کے موقع پر چکن اور گوشت کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں دور ہو گئیں۔ سرکاری چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں نے سرکاری ریٹ لسٹ نظرانداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں، جس کے باعث شہریوں کیلئے عید پر بھی گوشت کی خریداری مشکل ہو گئی۔ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے رہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے من مانے نرخ وصول کیے ۔رپورٹس کے مطابق مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت میں بھی عید کے موقع پر تقریباً 100 روپے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ مارکیٹ میں قیمت 600 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی۔ اسی طرح چھوٹے اور بڑے گوشت کی سرکاری قیمت کے برعکس فی کلو 200 سے 300 روپے زائد وصول کیے جاتے رہے ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث منافع خور کھل کر سرگرم رہے اور شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔انتظامی افسران فوٹو سیشن اور فرضی کارروائیوں میں مصروف رہے ، ماہ رمضان میں پورا ماہ مہنگائی بے قابو رہی اشیائے ضروریہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں پر فروخت ہوتی رہیں لیکن عید پر مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے جس سے شہری بلبلا اٹھے مارکیٹ میں گوشت کے ساتھ ساتھ سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جاتی رہیں جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار رہے اور عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی موجودگی کے باوجود بازاروں میں من مانے نرخ وصول کیے گئے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے باوجود عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی ریلیف نہ ملنا انتہائی افسوسناک ہے ۔