کمالیہ:عیدکے تیسرے روز تفریحی مقامات پر بھرپور رش

کمالیہ:عیدکے تیسرے روز تفریحی مقامات پر بھرپور رش

بچوں نے جھولوں سے لطف اٹھایا،ناجائز منافع خوروں کے خلاف تحفظات کا اظہار

کمالیہ (نمائندہ دنیا )عید الفطر کے تیسرے روز کمالیہ شہر کے مختلف ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور پارکوں میں شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ خوشگوار موسم اور عید کی چھٹیوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگ اہل خانہ اور دوست احباب کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کرتے رہے اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔شہر کے معروف پارکوں اور پکنک پوائنٹس پر بچوں اور بڑوں کی بڑی تعداد موجود رہی، جہاں بچوں نے جھولوں اور دیگر کھیلوں سے لطف اٹھایا، جبکہ خواتین اور بزرگ افراد نے سرسبز اور شاداب ماحول میں بیٹھ کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔

اسی طرح ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں بھی خاصا رش رہا، جہاں فیملیز نے روایتی اور فاسٹ فوڈ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے عید کے لمحات کو یادگار بنایا۔تاہم شہریوں نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر دکانداروں اور ہوٹل مالکان کی جانب سے قیمتوں میں بے جا اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔عوامی حلقوں نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ناجائز منافع خوری کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر عید کی خوشیوں سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں