ٹوبہ :غیر قانونی گیس ری فلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
متعدد غیر قانونی دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا ،گرانفروشی کیخلاف بھی ایکشن
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیرِ نگرانی ضلعی انتظامیہ عوامی ریلیف اور تحفظ کے لیے متحرک ہے ۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے ایل پی جی، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔مزید برآں انسانی جانوں کے لیے خطرہ بننے والی غیر قانونی گیس ڈیکینٹنگ اور سلنڈر ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے ، جس کے تحت متعدد غیر قانونی دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر پیمائش میں کمی، مائع گیس کی من مانی قیمتوں اور آٹا، چینی، دالوں سمیت دیگر اشیاء کے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح صارفین کو سرکاری نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے ، اور اس مقصد کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، دکانوں اور پٹرول پمپس کی چیکنگ کر رہے ہیں۔