پٹرول کی بچت کیلئے کار پولنگ پر عملدرآمد کا فیصلہ
طلبہ بھی کار پولنگ اپنا کر مشکل حالات میں قومی ذمہ داری ادا کر سکتے :کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد نے پٹرول و ڈیزل کی بچت یقینی بنانے کے لیے ‘‘کار پولنگ/وہیکل شیئرنگ’’ پر عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ فیصلہ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ کمشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن بھر کے افسران سے اجلاس کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ فیول بچت کے پیش نظر کار پولنگ پر عملدرآمد یقینی بنانے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر ایک ہی مقام پر کام کرنے والے ملازمین اگر اس طریقہ کار کو اپنائیں تو یہ نجی شعبے کیلئے بھی ایک مثال بنے گا اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔کمشنر کا کہنا تھا کہ ایک ہی علاقے میں رہائش پذیر طلبہ بھی کار پولنگ اپنا کر موجودہ مشکل حالات میں اپنی قومی ذمہ داری ادا کر سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے سماجی رویوں میں تبدیلی ضروری ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں کار پولنگ کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے ۔، جس میں مارننگ اسمبلی اور کلاس رومز میں مختصر لیکچرز شامل ہوں۔