میونسپل کارپوریشن میں غیر قانونی ترقیوں کا انکشاف تنزلی و ریکوری کے احکامات جاری

میونسپل کارپوریشن میں غیر قانونی ترقیوں کا انکشاف تنزلی  و  ریکوری  کے احکامات جاری

ہیڈ کلرک،سینئر کلرک، آفس سپرنٹنڈنٹ عہدوں تک مبینہ غیر قانونی ترقیاں، عدالتی ڈائریکشن پر سیکرٹری بلدیات نے فیصلہ سنایا

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن میں سیکرٹری بلدیات پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ، جناح ٹاؤن میں حاصلغیر قانونی ترقیوں کے خلاف بڑا فیصلہ سامنے آ گیا ۔سیکرٹری بلدیات پنجاب نے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کی مبینہ غیر قانونی ترقیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تنزلی اور واجبات کی وصولی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ملازمین نے سینئر کلرک سے ہیڈ کلرک، جونیئر کلرک سے سینئر کلرک، ہیڈ کلرک سے آفس سپرنٹنڈنٹ اور بیلدار سے جو نیئر کلرک کے عہدوں تک مبینہ غیر قانونی ترقیاں حاصل کیں۔یہ ترقیاں مجاز اتھارٹی کے بجائے جناح ٹاؤن سے حاصل کی گئیں، جبکہ قواعد کے مطابق اس کا اختیار مدر ٹاؤن (لائلپور ٹاؤن) کے پاس تھا۔9 ملازمین نے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس دوبارہ سیکرٹری بلدیات کو بھجوا دیا۔ 12 مارچ 2026 کو جاری گئے احکامات میں واضح کیا گیاغیر مجاز اتھارٹی کی جانب سے دی گئی تمام ترقیاں قانونی حیثیت نہیں رکھتیں ۔احکامات کے مطابق یہ اصول ان ملازمین پر بھی لاگو ہوگا جو ریٹائر ہو چکے ہیں یا وفات پا چکے ہیں، اور ایسی غیر قانونی ترقیاں برقرار نہیں رکھی جا سکتیں۔ سیکرٹری بلدیات نے تمام قانونی و انتظامی نکات کا جائزہ لینے کے بعد درخواست گزاروں کی نمائندگی مسترد کر دی۔یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مبینہ غیر قانونی ترقیوں کے باعث اصل مستحق ملازمین کی سنیارٹی متاثر ہوئی جس پر متاثرہ ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں