اقبال علیانہ قتل کیس کے دو مرکزی ملزم پکڑے گئے
اٹھارہ ہزاری(نمائندہ دنیا)اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقہ تھانہ کوٹ شاکر کی حدود میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت اقبال علیانہ کے قتل کیس میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزموں صفدر اور حمزہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دونوں کو گرفتار کیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔اہل علاقہ اور شہریوں نے گرفتاری پر ڈی پی او جھنگ ساجد حسین اور تھانہ کوٹ شاکر پولیس کی کارکردگی کو سراہاہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ امید ہے پولیس مقدمہ میں ملوث دیگر ملزموں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائے گی تاکہ مقتول کے اہلخانہ کو انصاف مل سکے۔