دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید سپاہی آبائی علاقے میں سپردخاک
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)وزیرستان میں دورانِ ڈیوٹی دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک آرمی کے بہادر سپاہی وسیم کی نمازِ جنازہ انکے آبائی علاقے کے قبرستان جتی پیر میں ادا کر دی گئی۔
شہید سپاہی وسیم کا تعلق نواحی علاقے ککی نو دوئم سے تھا۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسروں ، مقامی انتظامیہ، سیاسی وسماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میجر شہزاد، کرنل محب ریاض سمیت دیگر فوجی افسروں و جوانوں سمیت ڈی ایس پی شہزاد گل، اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ صدف اکبر اور قائم مقام ایس ایچ او تھانہ شورکوٹ بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ فضا شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے کے نعروں سے گونجتی رہی اہلِ علاقہ نے شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔