امن معاہد ہ کی مخلصانہ کوششیں رنگ لائینگی :پیرآصف رضا

 امن معاہد ہ کی مخلصانہ کوششیں رنگ لائینگی :پیرآصف رضا

اسلام آباد میں کامیاب مذاکرا ت سے پوری دنیا کے امن کیلئے اہم پیشرفت ہوگی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں۔ امن معاہدے کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں رنگ لائیں گی ۔مذکرات میں امریکہ اور ایران کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ عالمی امن قائم کر سکتا ہے ۔ کامیاب مذاکرا ت میں خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے اہم پیشرفت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویثرنل صدر وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں آصف رضا قادری نے پیغام پاکستان سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے امریکی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مثبت پیشرفت ہے۔

اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے اعلیٰ سطح وفود کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر با اعتماد ثالث کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے ۔ یہ مذاکرات اس لحاظ سے قلیدی اہمیت کے حامل ہیں کہ ان میں مشرق وسطیٰ کے بحران حل کیلئے مشترکہ فریم ورک پر اتفاق کیا جائے گا۔پاکستان کی سہولت کاری کا محور تہران اور واشنگٹن میں خلیج کو کم کرنا ہے تاکہ لبنان اورغزہ سمیت پورے خطے میں جامع اور پائیدار جنگ بندی ممکن ہو سکے ۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کی جنگ بندی میں قابل تعریف کردار ادا کر کے عالمی امن کیلئے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی ہے ۔ قیام امن کیلئے پاکستان کا سفارتی کردار قابل تحسین ہے ۔تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، سلامتی، استحکام اور معاشی مشکلات کے جلد خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر حافظ یاسر قادری المدنی، میاں فیاض قادری، علی حاکم مغل، اکرم الحق قادری، رمضان قادری نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں