ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کے ناروا سلوک پر لیگی رہنما اٹھ کر چلے گئے
ڈپنی کمشنر کے ’’آپ میٹنگ کاماحول خراب کرتے ،اَب ڈی سی سی کے ممبر بھی نہیں کہنے ‘‘پر شیخ اعجاز ،ضیاالرحمن شدید برہم، طاہر جمیل ،اکرم انصاری کی بیچ بچائوکرانے کی کوشش ناکام
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ میں لیگی رہنمائوں اور ڈپٹی کمشنر کے مابین بدمزگی، ڈپٹی کمشنر اور لیگی رہنماوں میں شدید تنائو،سابق ایم پی اے شیخ اعجاز اور لیگی راہنما میاں ضیاالرحمن نے میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے ۔گزشتہ روز سابق ایم این اے شہباز بابر کی زیرصدارتڈی سی کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ۔سابق ایم پی اے شیخ اعجاز،ایم پی اے طاہر جمیل،سابق ایم این اے اکرم انصاری،لیگی راہنما میاں عرفان منان اور میاں ضیاالرحمن سمیت دیگر شریک تھے ۔ ڈی سی سی میں سٹی پولیس آفیسر یا کسی ایس پی نے شرکت نہ کی ۔ذرائع کے مطابق میٹنگ شروع ہونے پر ایجنڈا اور سپیشل انیشیٹوز سے متعلق بات شروع ہوئی تو سابق ایم پی اے شیخ اعجاز نے گزشتہ ڈی سی سی سے متعلق پیشرفت مانگی جس پر میاں عرفان منان نے بھی انکی تائید کی۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کا سابق شیخ اعجاز اور میاں ضیاالرحمن کو مبینہ طور پر کہنا تھا کہ آپ نے گزشتہ ڈی سی سی میں سٹی پولیس آفیسر کے ساتھ نامناسب رویہ رکھا تھا آپ جھگڑ کر میٹنگ کاماحول خراب کردیتے ہیں ،گزشتہ تمام میٹنگز فضول ہوئی ہیں اسلئے انکے بار ے میں کیا پیشرفت دی جائے اور آپ تو اب ڈی سی سی کے ممبر بھی نہیں ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈی سی کی اس بات کے بعد شیخ اعجاز اورمیاں ضیاالرحمن شدید برہم ہوگئے ۔شیخ اعجاز کا کہنا تھا کہ ہمیں ممبر نہ ہونے کا طعنہ دیکر ہماری تضحیک کی گئی ہے اگر ہم ممبر نہیں تو ہمیں کیوں بلایا گیا جس پر میاں طاہر جمیل اور اکرم انصاری نے بیچ بچائوکرانے کی کوشش کی تاہم شیخ اعجاز اور ضیاالرحمن میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے ۔ذرائع کے مطابق دونوں لیگی رہنمائوں کے جانے کے بعد ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ حافظ امجد بھی میٹنگ سے چلے گئے ۔ ڈی سی سی میٹنگ میں اس سے قبل بھی دو بار شدید تلخ کلامی ہوچکی ہے اور اب بیوروکریسی اور لیگی رہنماوں میں تنائومزید بڑھتا جارہا ہے ۔ معاملے سے متعلق ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا۔