سٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی بحالی میں تیزی کی ہدایت
بلڈنگز بائی لاز پر سو فیصد عملدرآمد،تجاوزات کیخلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رکھیں:کمشنر، کارپوریشن کا اجلاس ، ہدایات جاری،پولیو مہم کا افتتاح
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر و ایڈمنسٹریٹر مسرت جبیں کی زیرصدارت میونسپل کارپوریشن کا اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر بھی موجود تھے ۔چیف آفیسر ملک مرتضیٰ نے مختلف شعبوں کی ورکنگ پر بریفنگ دی ۔کمشنر وایڈمنسٹریٹرنے کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔تمام شعبے اپنی کارکردگی کا گراف مزید بلند کریں۔ بلڈنگز بائی لاز پر سو فیصد عملدرآمدہونا چاہیے ۔ انسداد تجاوزات آپریشن پوری قوت سے جاری رکھیں۔سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز مکمل فعال ہونے چاہئیں۔کمشنر نے باقی ماندہ سڑکوں کی مرمت وبحالی کے کاموں میں بھی تیزی لانے کی تاکید کی اور کہا کہ سروسز کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر بنانا ترجیح ہے ۔ دریں اثناکمشنر فیصل آبادڈویژن مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنرندیم ناصر نے الائیڈ ہسپتال ون میں بچوں کو قطرے پلاکر نسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عدنان محمود،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شہباز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عظمت عباس کھچی، ایم ایس ڈاکٹر فہیم یوسف اور والدین بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایاگیاکہ ضلع فیصل آباد میں آئندہ انسدادپولیو مہم13 سے 17اپریل تک جاری رہے گی جسکے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے اس مقصد کیلئے محکمہ صحت کی 6444 ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔کمشنر نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق فیصل آباد کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے دو قطرے ہر بچہ ہربار پر عملدرآمد ناگزیر ہے ۔کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مائیکرو پلان کے مطابق سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیمیں سے تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچہ کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ عوامی مقامات پر پولیو ٹیمیں سرگرم عمل رہیں گی اور سو فیصد نتائج کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ والدین کی آگاہی کیلئے موثر مہم جاری ہے۔