میٹرک امتحانات،شفافیت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے ، کمشنر
ایجوکیشن بورڈ آفس کا دورہ، سولر انرجی پر منتقلی، ویئر ہاؤس کے قیام کی ہدایت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مسرت جبیں نے ایجوکیشن بورڈ آفس کا دورہ کیا اور مختلف انتظامی و امتحانی امور کا جائزہ لیا۔سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کمشنر کو جملہ امور پر بریفنگ دی جبکہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر جعفر علی سمیت مختلف برانچز کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔کمشنر مسرت جبیں نے میٹرک کے جاری امتحانات میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی مراکز میں امتحانی عمل کی مسلسل انسپکشن جاری رکھی جائے تاکہ نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کا سدباب ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے بورڈ آفس کو درپیش بعض چیلنجز کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی کی بچت کے پیش نظر ایجوکیشن بورڈ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرپرسن نے بورڈ آفس کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے ویئر ہاؤس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے فوری پیش رفت کی تاکید کی۔کمشنر نے ایجوکیشن بورڈ کے انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا، برانچ افسران سے ورکنگ پر بریفنگ لی اور درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے یقین دہانی کرائی۔