خواتین کی معاشی خودمختاری ،نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں نمائش

خواتین کی معاشی خودمختاری ،نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں نمائش

یونیورسٹی کی طالبات نے ہنرمندی سے تیار کردہ مختلف مصنوعات کے سٹالز لگائے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں خواتین کو کاروبار کے ذریعے خود کفیل اور مالی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ونگز سوسائٹی کے زیر اہتمام خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کی طالبات نے ہنرمندی سے تیار کردہ مختلف مصنوعات کے سٹالز لگائے ۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کو کاروبار کی طرف راغب کرنا اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ نمائش میں ٹیکسٹائل ڈیزائن، کڑھائی، بیگز، زیورات، گھریلو اشیا، جوتے اور ہینڈ میڈ مصنوعات شامل تھیں۔ طالبات نے نہ صرف اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ مصنوعات کی فروخت کے ذریعے عملی کاروباری تجربہ بھی حاصل کیا۔

ریکٹر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے یہ معاونت طالبات اور خواتین کی معاشی ترقی اور خودمختاری کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو مواقع میسر آئیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگیاں بدل سکتی ہیں بلکہ قومی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر دانش محمود بیتاب، مس نادیہ شمیم، ڈاکٹر اسماء حامد، محمد اسلم، ڈاکٹر ساجدہ پروین، رانا امجد علی ناز، سردار پرویز اختر، مقامی صنعت کاروں اور خواتین کاروباری رہنماؤں نے بھی طالبات کے کام کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں