چنیوٹ:ممکنہ سیلابی صورتحال، ڈپٹی کمشنر کا ریلوے بند کا دورہ
پانی کے بہاؤ کو آبادی سے دور موڑنے کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریلوے کے افسران کے ہمراہ دریائے چناب کے کنارے ریلوے کی جانب سے بنائے گئے حفاظتی بند کا دورہ کیا۔انہوں نے بند کی مضبوطی، پانی کے بہاؤ کو آبادی سے دور موڑنے کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریلوے لائن کے حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ بند کے اطراف موجود جھاڑیوں کو فوری طور پر صاف کیا جائے اور بند کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بند کے آغاز سے اختتام تک سو فیصد مرمت اور بہتری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں کمزوری کا خطرہ نہ رہے ۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ بند پر موجود غیر متعلقہ افراد کو فوری طور پر ہٹا کر علاقہ کارڈن آف کیا جائے تاکہ حفاظتی اقدامات مؤثر طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔