منصوبے تیزی سے مکمل، ہائی ویز کی 243 سکیموں پر کام جاری
ہائی ویز سرکل ون میں 28 اور سرکل ٹو میں 25 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ ہائی ویز کے زیر اہتمام مجموعی طور پر 243 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ۔ ہائی ویز سرکل ون میں 28 اور سرکل ٹو میں 25 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ جاری منصوبوں کا 80 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس میں نئے مالی سال کے لیے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئی سکیمیں بھی منظوری کے لیے صوبائی حکومت کو ارسال کی جا رہی ہیں۔
کمشنر مسرت جبیں نے شہر میں 15 مقامات پر پبلک ٹائلٹس کے قیام کے لیے اقدامات شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو پارکنگ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آٹھ بازاروں کے اردگرد پانچ پلازے تعمیر کیے جائیں گے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہائی ویز کی جاری تمام سکیمیں 30 جون سے قبل مکمل کی جائیں اور شفافیت پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔